اسلام آباد کے نواحی علاقے جھنگی سیداں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کر دیا گیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ کو دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ نون کی حدود میں جھنگی سیداں کے محلہ میں مکان کی بالائی منزل سے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ واقعے کی اطلاع صبح تقریباً 11 بجے ملی، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
مقتولین میں گھر کا سربراہ ملاخیل، اس کی اہلیہ شمیم، 14 سالہ بیٹا موسم خان اور سالا حبیب مجید شامل ہیں۔
ایس پی انڈسٹریل حسنین کے مطابق تین افراد کو گولیاں ماری گئیں جبکہ ایک شخص کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کی روشنی میں واقعہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
تھانہ نون پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم انویسٹی گیشن یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ مقدمہ مقتولین کے ورثاء کی درخواست پر درج کیا جائے گا۔





















