راولپنڈی کے علاقے نیو چاکرہ میں اسکول سے گھر جاتی طالبات سے نازیبا حرکات کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جسے اسپتال داخل کروا دیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ٹیم سادہ روڈ نیو چاکرہ میں موجود تھی ، جہاں ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی ، لیکن ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرکے فرار کی کوشش کی، طالبات سے نازیبا حرکات کرنے والا ملزم شیراز دو طرفہ فائرنگ رکنے پر سڑک کنارے زخمی حالت میں ملا،جبکہ اسکے ساتھی حسیب اور ذیشان کو بھی موقع سے گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔ ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گھر جاتی طالبات کو ہراساں کرتے تھے۔ واقعے کی ویڈیو منگل کی شام سامنے آئی تھی،گرفتار ملزمان کے خلاف اقدام قتل،پولیس سے مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔





















