مسجدِ اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی اور اسرائیلی آباد کاروں کی دراندازی پر پاکستان اور سعودی عرب سمیت 8 مسلم ممالک نے مشترکہ آواز بلند کر دی ۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ مسجدِ اقصیٰ کا پورا احاطہ صرف اور صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے، اور اس کی تاریخی حیثیت میں تبدیلی کی کوئی بھی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔
اہم بیان پاکستان، سعودی عرب، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ مشترکہ بیان میں اسرائیل کی جانب سے تیس نئی غیر قانونی بستیوں کی منظوری کی شدید مذمت کی گئی ۔ فلسطینی بچوں اور اسکولوں پر حملوں کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی کوششیں مسترد کر دی گئیں۔ مسلم ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی توثیق کرے ۔ مشترکہ بیان میں انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔





















