ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کی سیٹوں کا تعین پارلیمنٹ کا استحقاق ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئین کے مطابق مختص کی گئی سیٹوں کے حلقہ بندی کی ہے۔
رہنما تحریک انصاف بابر اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بابراعوان کا خیبرپختونخوا کی قومی اسمبلی کی نشستیں کم کرنے کا بیان مکمل طور پر حقائق کے منافی ہے۔ بیان مضحکہ خیزاورعوام کے ذہنوں میں ابہام پیدا کرنےکی ناکام کوشش ہے۔
اعلامیے کے مطابق 25 ویں آئینی ترمیم 2018 کے تحت سابق فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے فاٹا کی 12 قومی اسمبلی کی نشستوں کو ختم کر کے خیبر پختونخواکی قومی اسمبلی میں 6 نشستوں کا اضافہ کیا گیا، چنانچہ یہ بڑھ کر 39 سے 45 ہو گئیں۔
بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں 16 جنرل سیٹوں کا اضافہ کر کے 99 سے 115 کر دی گئیں ہیں، بطور وکیل بابر اعوان کو کوئی بات آئین اور قانون سے ہٹ کر نہیں کرنی چاہیے۔