العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل 7 دسمبر کو سماعت کےلیے مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس عامرفاروق اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سماعت کریں گے۔ دوسری جانب نیب کی نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ نواز شریف کو 2018 میں العزیزیہ ملز ریفرنس میں 7 برس کی سزا سنائی گئی تھی تاہم کچھ ہی عرصے بعد انہیں طبی بنیادوں پر لندن جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف جیل میں صحت کی خرابی کے بعد نومبر 2019 میں علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر لیں اور احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نواز شریف کو بری کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی، سابق وزیر اعظم نواز شریف قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔