وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، خطے کی صورتحال اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے جنگ بندی میں توسیع کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ نیٹلی بیکر نے قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ تنازع کے دیرپا حل کیلئے سفارتی چینلز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
محسن نقوی نے جنگ بندی میں توسیع کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ہر سطح پر مسئلے کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ امید ہے کہ تمام فریقین سفارتی اور پرامن حل کو موقع دیں گے۔
امریکی سفیر نے خطے میں قیام امن اور تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔






















