وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انرجی سیکیورٹی مستقبل کی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے، موجودہ صورتحال میں توانائی کی بچت، بروقت اقدامات سے توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔
سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خام تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر رکھنے سے متعلق منصوبے پر کام جاری ہے، توانائی کی بچت، پائیدارترقی کیلئے ذرائع آمد و رفت کو بتدریج برقی ذرائع پر منتقل کیا جائے۔ مقامی طور پر اعلی معیار کی اسٹوریج بیٹریاں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستقبل میں سرکاری استعمال کیلئے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں، موٹرسائیکلیں خریدی جائیں، ای وی کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مزید تیزی سے اقدامات کیے جائیں، شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی اسٹوریج کیلئے بیٹریوں کاحصول آسان بنایاجائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں، ملک میں غذائی سیکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے، کمپنیوں کی مسلسل کوششوں سےگیس اورتیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہاہے۔
حکام کے مطابق ملک میں گرڈکی سطح پر بیٹری اسٹوریج کیلئے 2 تجرباتی منصوبوں کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے اور شمسی توانائی پیدا کرنے والے گھریلو صارفین کو بیٹری اسٹوریج لگانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔





















