1912 میں ڈوبنے والے مشہور بحری جہاز RMS Titanic سے بچ جانے والی ایک خاتون مسافر کی لائف جیکٹ برطانیہ میں ریکارڈ قیمت پر نیلام کر دی گئی۔
برطانوی آکشن ہاؤس کے مطابق یہ نایاب لائف جیکٹ 9 لاکھ 4 ہزار 500 امریکی ڈالر (تقریباً 25 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوئی، جو ابتدائی تخمینے سے کہیں زیادہ ہے۔ نیلامی سے قبل اس کی قیمت 3 لاکھ 39 ہزار سے 4 لاکھ 74 ہزار ڈالر کے درمیان لگائی گئی تھی۔
یہ لائف جیکٹ Laura Mabel نامی مسافر کی تھی، جو جہاز کے فرسٹ کلاس کیبن میں سفر کر رہی تھیں۔ وہ حادثے کے دوران لائف بوٹ نمبر 1 کے ذریعے محفوظ رہنے میں کامیاب ہوئیں۔ اس جیکٹ پر لورا میبل سمیت دیگر بچ جانے والے افراد کے دستخط بھی موجود ہیں، جس نے اس کی تاریخی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔
یاد رہے کہ RMS Titanic اپریل 1912 میں اپنے پہلے سفر کے دوران برطانیہ سے امریکا جاتے ہوئے بحرِ اوقیانوس میں برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا تھا۔ اس المناک حادثے میں 1500 سے زائد افراد ہلاک جبکہ تقریباً 700 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔





















