چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
سائفرکیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے حوالے سے وزارت قانون کا نوٹیفیکیشن آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کو موصول ہوگیا ۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
آج سماعت کے دوران آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ وزارت قانون کا نوٹیفیکیشن عدالت میں جمع ہوچکا ہے،جج کل تک سائفرکیس کی سماعت مقرر کی ہے۔
وکیل صفائی علی بخاری کی جانب سے سماعت کل نہ رکھنے کی استدعا، کہا ہفتے کو ہائیکورٹ ، سپریم کورٹ بند ہوتی ہیں لیکن ٹرائل کورٹس میں ہمارے کیسز ہوتے۔ ہماری استدعا ہےکہ 5 دسمبرکی تاریخ مقرر کر دیں۔
جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی آگاہ کرنا ہے، شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بھی نوٹیفیکیشن میں تحریر کیا گیاہے۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ حاضری کے حوالے سے تو سماعت رکھنی ہے نا، جس پر وکیل نے کہا کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری مقررتھی اس بات پر کیا کہیں گے؟جج نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کو اطلاع کرنی تھی اوروزارت قانون کے نوٹیفیکیشن کا انتظار تھا۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے آج ہی اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر کرنےکی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میں تو آج ہی اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر کرنے کے حق میں ہوں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔