پاکستان میں چائے کی درآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 27 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں چائے کی درآمدات پر 24 کروڑ 42 لاکھ 30 ہزار ڈالر (تقریباً 69 ارب 60 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے) کا کثیر زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں چائے کی درآمدات پر 19 کروڑ 27 لاکھ 80 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، اکتوبر میں چائے کی درآمدات کا حجم 6 کروڑ ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
ایف بی ایس کے مطابق چائے کی درآمد کا حجم ستمبر میں 5 کروڑ 81 لاکھ 10 ہزار ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 5 کروڑ 36 لاکھ 70 ہزار ڈالر تھا، مالی سال 2023ء میں چائے کی درآمدات پر 49 کروڑ 53 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔