پاکستان سپر لیگ میں فخر زمان کے خلاف مبینہ بال ٹیمپرنگ کیس میں مزید حقائق سامنے آ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کی مینجمنٹ نے میچ ریفری سے فخر زمان کے خلاف شکایت درج کروائی، جس کے بعد ریفری نے امپائرز کو کھلاڑی پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
رپورٹس کے مطابق کراچی کنگز کو 13ویں اوور کے دوران بال ٹیمپرنگ کا خدشہ محسوس ہوا، جس پر میچ ریفری نے واکی ٹاکی کے ذریعے امپائرز کو ہدایات جاری کیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امپائرز کو فخر زمان کی جیب میں کسی چیز کی موجودگی کا شک ہوا، جبکہ گیند کے معائنے پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ اسے کسی کھردری چیز سے نقصان پہنچایا گیا ہے، جس سے گیند کا ایک حصہ مکمل طور پر خراب ہو چکا تھا۔
تاہم کراچی کنگز کے ذرائع کے مطابق اس واقعے کی کوئی تصویر یا ویڈیو ریکارڈ نہیں کی گئی۔




















