پنجاب حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 15 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا ہے،فنڈز نچلی سطح پر ہاکی کے فروغ اور کوچنگ معیار کو جدید بنانے پر خرچ ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر حکومتِ پنجاب نے ملک میں ہاکی کے احیاء، نچلی سطح (گراس روٹ لیول) پر ٹیلنٹ کی نشوونما اورکوچنگ و ٹیکنیکل ڈویلپمنٹ کے لیے 15 کروڑ (150 ملین) روپے کی خطیر گرانٹ منظور کر لی ہے۔
یہ اہم فیصلہ سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِصدارت منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا،جس میں صوبائی وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اسپورٹس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت نےیہ فنڈز پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سےارسال کردہ باضابطہ درخواست پر منظورکیےہیں،گرانٹ کا بنیادی مقصدملک بھر میں نئے ٹیلنٹ کی شناخت، گراس روٹ ڈویلپمنٹ پروگرامز کا انعقاد، اورکوچز کو جدید ترین عالمی معیار کےمطابق تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ہاکی میں پاکستان کاتاریخی وقار بحال کیاجاسکے،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہارِ تشکر کیا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کےترجمان نے بروقت مالی امداد پر پی ایچ ایف صدر اورمنیجمنٹ کے دیگرعہدیداران کی جانب سے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے،ترجمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب اورصوبائی کابینہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتےہوئےکہا کہ یہ گرانٹ ملک میں ہاکی کےبنیادی ڈھانچےکومضبوط کرنے،کھلاڑیوں کی کارکردگی کامعیار بڑھانے اور نوجوان ایتھلیٹس کے لیےنئےمواقع پیدا کرنےمیں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔






















