حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کے برعکس مٹی کے تیل اور جیٹ فیول کی قیمت میں اضافہ کردیا۔
قیمتیں برقرار رکھنے کے وزیراعظم کےاعلان کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تاہم مٹی کا تیل 4 روپے 66 پیسے اور جیٹ فیول کی قیمت میں پانچویں بار اضافہ کردیا گیا۔
اگلے ہفتے کیلئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے اور پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔ حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں کے فرق کی ادائیگی خود کرے گی۔
مٹی کا تیل مہنگا 4 روپے 66 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کی تیل کی نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں 28 دنوں کے دوران جیٹ فیول کی قیمت میں پانچویں باراضافہ کردیا گیا۔ جیٹ فیول کی نئی قیمت پانچ روپے اضافے کے بعد 476 روپے 97 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی فی لیٹر قیمت میں 288 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوچکاہے۔ یکم مارچ کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے لیٹر تھی۔
قبل ازیں وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام کو فوری ریلیف دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خزانہ کےمطابق ٹارگٹڈ سبسڈی سے متعلق نظام کوجلدحتمی شکل دینے پراتفاق کیاگیا،شرکا نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کومستحکم اورذخیرہ وافر قرار دیا، اجلاس میں ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے ٹیکنالوجی استعمال کرنےکی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔




















