لاہور، اوکاڑہ، قصور سمیت لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے، اب تک 2 ارب روپے کی بجلی چوری میں ملوث افراد سے ایک ارب روپے سے زائد رقم وصول کرلی گئی۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی چوری روکنے کیلئے پری پیڈ میٹرز متعارف کرارہے ہیں۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، 79 دنوں میں 13 ہزار 324 بجلی چور پکڑے گئے جبکہ بجلی چوروں کو 5 کروڑ 28 لاکھ یونٹس چارج کرتے ہوئے 2 ارب 11 کروڑ 40 لاکھ 99 ہزار روپے کے بل کا تخمینہ لگایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف 30 ہزار مقدمات درج کرادیئے جبکہ اس میں ملوث اہلکاروں کو بھِی نوکری سے نکال دیا گیا۔
لیسکو ترجمان رائے مسعود کھرل کا کہنا ہے کنڈا ڈال کر اور میٹر ٹمپر کرکے بجلی چوری کی جاتی ہے، بجلی چوری روکنے کیلئے پری پیڈ میٹرز متعارف کرارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لیسکو اب تک 44 ہزار سے زائد بجلی چوروں اور ڈیفالٹر سے ایک ارب 38 کروڑ روپے وصول کرچکا ہے جبکہ سہولت کاری پر میٹر ریڈرز، لائن مین سمیت 87 اہلکاروں کیخلاف انضباطی کارروائیاں بھی کی گئیں۔