وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا جس آرمی چیف ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں ملکی موجودہ ذخائر ، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کوپوراکرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے،بروقت عملی اقدامات سےایندھن کے ذخائر کے حوالے سے انتظامات کئے جا سکے، خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے،صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے،بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے سے عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔
حکومت نے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل، وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچنا ضروری ہے،ہرممکن صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہو گا،بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پیٹرول بچانے کیلئے کار پولنگ اپنائی جائے،نقل وحرکت اجتماعی طور پر کی جائے،غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کیلئے آمدورفت کو محدود رکھا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ تمام صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہو سکے،سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
اجلاس میں آرمی چیف،چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی ۔ ان کے علاوہ اجلاس میں مشیرقومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک،وزیراقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ،وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک، وزیرآئی ٹی شزا فاطمہ،وزیرمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ۔





















