سعودی وزارت دفاع نے کہاہے کہ مشرقی ریجن میں فضائی دفاعی نظام نے 2 بلیسٹک میزائل مار گرائے ہیں جبکہ 2 ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیاہے ، دوسری جانب ایرانی فوج نےکہاہے کہ سعودی عرب، قطر اور امارات میں تیل کی تنصیبات کے قریب رہنے والے فوری علاقہ خالی کر دیں۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ خطے میں موجود دشمن کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے ، سعودیہ، قطر اور امارات میں تیل کی تنصیبات کے قریب رہنے والے فوری علاقہ خالی کر دیں، اسرائیل کے گیس فیلڈ پر حملے کے جواب میں خلیجی ممالک میں آئل تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے ۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر نے ایران کی توانائی تنصیبات پر حملوں کی دھمکی کے بعد توانائی تنصیبات کے قریبی علاقوں کو خالی کرالیا ہے۔
وائٹ ہاوس اور ڈونلڈ ٹرمپ
وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری کر دہ پیغام میں کہا گیاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ چین منسوخ کردیا ہے، صدر ٹرمپ کے دورہ چین کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے باقی ماندہ نظام کو بھی مکمل ختم کردیں گے،آبنائے ہرمز استعمال کرنیوالے ممالک اس کی سیکورٹی خود سنبھالیں۔
سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی
عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران کے بوشہر ایٹمی پلانٹ پر حملے سے زیادہ نقصان نہیں ہوا،ایٹمی ری ایکٹر محفوظ ہے، کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا،حملہ قریبی عمارت پر ہوا جو لیبارٹری کے طور پر استعمال ہوتی تھی،ایٹمی پلانٹ پر حملوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
کویتی وزارت دفاع
کویتی وزارت دفاع نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حدود میں داخل ہونیوالے 4بیلسٹک میزائل تباہ کردیئے گئے ہیں، 24گھنٹوں کے دوران 23 ڈرون حملوں کو بھی ناکام بنایا گیا۔
اماراتی وزارت خارجہ
اماراتی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے گریز کیاجائے،توانائی تنصیبات پر حملے سے عالمی صورتحال خراب ہونے کا خطرہ ہے۔
خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے،عالمی قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔




















