پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے عماد وسیم کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے اسے سائن نہیں کیا۔
منگل کے روز قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا ہمارے لئے چیلنجنگ ہوگا اور ٹریننگ سیشن کے دوران محسوس کیا ہے کہ ہمارے کھلاڑی اس چیلنج کو قبول کرنے اور آسٹریلیا جا کر پرفارم کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا کی کنڈیشنز چیلنجنگ ، پرفارم کرنے کیلئے تیار ہیں ، محمد حفیظ
ٹیم ڈائریکٹر نے بتایا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر اور عماد وسیم کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے دبے لفظوں میں انکار کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے محمد عامر کو کھیلنے کی پیشکش کی تو آگے سے کیا جواب ملا ؟
محمد حفیظ نے بتایا کہ میں نے محمد عامر کو خود فون کیا اور کہا کہ آپ اگر پاکستان کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں تو آپ ڈومیسٹک کھیلیں اور پرفارمنس دیں پھر آپ پاکستان ٹیم میں سلیکٹ کیا جائے گا جس پر عامر نے کہا کہ میں اپنی زندگی کا فیصلہ کرچکا ہوں اب بدل چکی ہے۔
انہوں نے عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر رد عمل دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ عماد وسیم سے بھی رابطہ کیا تھا کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنیں، لیکن انہوں نے کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کئے۔
یہ بھی پڑھیں۔ محمد رضوان کا عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر رد عمل سامنے آگیا
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں نے عماد کو خود فون کیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ وہ میرے پلان کا حصہ ہیں اور انہیں کہا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ کو اپنی خدمات دینے کے بارے دستیابی بتائیں جس پر انہوں نے جواباً کہا کہ سوچ کر بتاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاہم، دو دن کے بعد عماد وسیم نے مجھے میسج کر کے نیوزی لینڈ سیریز کھیلنے سے معذرت کر لی اور بعدازاں انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔