وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں مفادِ عامہ سے متعلق قومی فیصلوں پر موثر پیش رفت اور وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بھی کھلے دل سے تعریف کی۔
یہ اظہارِ خیال پیر کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کی باعزت واپسی، صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم قومی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وفاقی اور صوبائی اداروں کی جانب سے طے شدہ اہداف اور فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ بھی دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں خدمات سرانجام دینے والے وفاقی سول سروس کے افسر حمزہ شفقات کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے اور ان کی کاوشیں قومی پالیسیوں اور حکومتی فیصلوں پر موثر عملدرآمد میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور وفاقی اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری کے ذریعے اہم قومی معاملات میں مثبت پیش رفت کو بھی سراہا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اداروں کے مابین باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط رابطہ کاری صوبے میں امن و استحکام اور عوامی فلاح کے اقدامات کو مزید موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔اجلاس میں اعلیٰ سول حکام اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے اور اہم قومی امور پر جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔





















