نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران علاقائی امن و استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے سفارتکاری پر زور دیا۔ اسحاق ڈار سے قائمقام امریکی ناظم الامور زچری ہارکنرائیڈر نے ملاقات بھی کی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ علاقائی صورتحال میں تازہ ترین پیشرفت اور اس کے وسیع تر اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے سفارتکاری اور بات چیت پر زور دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار سے قائمقام امریکی ناظم الامور زچری ہارکنرائیڈر کی ملاقات بھی ہوئی۔ پاک امریکا دوطرفہ تعلقات اورمشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات اور سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔





















