نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیاہے کہ ایران میں لڑکیوں کے سکول پر حملہ امریکی فوج کی جانب سے ہی کیا گیاہے ، یونیسف کا کہناہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں میں روزانہ 10 بچے مارے جاتے ہیں اور اب تک 329 بچے مارے گئے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق سکول کے قریب ٹوما ہاک میزائل گرنے کی نئی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، سکول پر حملے میں 175 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں زیادہ تر وہاں زیر تعلیم بچیاں تھیں۔
یونیسف
لبنان میں ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 83 افراد جاں بحق جبکہ 254 بچے زخمی ہوئے ہیں، اوسطاً روزانہ 10 بچے اسرائیلی حملوں میں مارے جاتے ہیں، غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک لبنان میں 329 بچے اسرائیلی حملوں میں مارے گئے ہیں۔
لبنان
لبنانی حکام کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 2 طبی اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں، اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر ایمبولینس ٹیم کو نشانہ بنایا، حملے میں طبی عملے کے 6 ارکان زخمی ہوئے۔ فرانس نے لبنان کی صورتحال پرسلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیاہے ۔
الجزیرہ کے مطابق لبنان میں پارلیمانی انتخابات 2 سال کیلئے معطل کر دیئے گئے ہیں، سپیکر لبنانی پارلیمنٹ کا کہناتھا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کی جنگ کے باعث انتخابات ممکن نہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بیروت پر بمباری کے دوران بھی پارلیمنٹ کا اجلاس جاری رہا۔
علی لاریجانی
ایران کے قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی نے مجتبیٰ خامنہ ای کو سرپیم لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے رہبر اعلیٰ منتخب ہونے سے دشمن کو مایوسی ہوئی ہے، آپ کا انتخاب ایران کے حق شناس عوام کو امید دلانے والا ثابت ہوا، اللہ تعالی اس انتخاب کو بابرکت بنائے، آپ کے والد، والدہ، اوراہلیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
سعودی آرامکو
رائٹرز کے مطابق سعودی آرامکو نے تیل کی پیداوار کم کرنے کا فیصلہ کر لیاہے، آرامکو 2 آئل فیلڈز میں تیل کی پیداوار کم کررہا ہے۔
انتھونی بلنکن
سابق امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد اسرائیل لبنان میں حزب اللہ پر حملہ کرنا چاہتا تھا،صدر بائیڈن نے لبنان پر حملے میں اسرائیل کا ساتھ دینے سے انکار کیا،ایک وقت تھا صرف 30 منٹ میں شمالی محاذ پر جنگ شروع ہو سکتی تھی،اسرائیلیوں کو حزب اللہ کے ممکنہ حملے کے بارے میں غلط معلومات ملی تھیں،ہم اس صورتحال کو ٹالنے میں کامیاب ہو گئے اور جنگ رک گئی۔





















