چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جس دوران سپہ سالار نے مغربی سرحد پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ، فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ وانا میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ اس موقع پر پاک افغان سرحد پر ہونے والی پیش رفت ، انٹیلی جنس بنیاد پر جاری آپریشنز اور آپریشن غضب للحق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ بارڈر مینجمنٹ کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے سرحدی علاقوں میں تعینات افسران اور دستوں سے گفتگو کی ، جھڑپوں کے دوران غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل چوکسی اور بلند حوصلے کو سراہا ، ملکی خودمختاری کےتحفظ اور خطےمیں امن و استحکام یقینی بنانےکے مستقل عزم کی تعریف کی ۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان پاکستان کیخلاف افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کیخلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے،سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دہشت گردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں، افغان طالبان رجیم ایسا کریں گے تو ہی دونوں فریقین کے درمیان امن قائم ہو سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا، پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاریوں اور ہم آہنگی پر مکمل اظہار اعتماد کیا ۔ وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔





















