پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی جس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا ء کی جانب سے آج بھی جواب جمع نہیں کرایا گیا اور انہوں نے استدعا کی کہ پٹیشن کی کاپی نہیں ملی ، اگلےہفتے جواب جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمارے ریکارڈ کے مطابق آپ کو کاپی فراہم کی جا چکی ہے، کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دیتے ہیں جس پر وکیل نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے، انٹرا پارٹی انتخابات کےمعاملات میں مصروف ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ انٹر پارٹی میں کیا ہونا ہے؟۔
بعدازاں، الیکشن کمیشن نے وکیل کو وکالت نامہ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت منگل 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ خالد محمود خان نامی درخواستگزار نے چیئرمین تحریک انصاف کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو توشہ خانہ کیس میں سزا ہوچکی ہے ، انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔