وفاقی وزیر احسن اقبال نے بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان اور چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ڈھاکہ میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جس دوران الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
احسن اقبال نے بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو ہر شعبے میں مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت، بحری روابط اور سپلائی چین تعاون بڑھانے کی تجویز دی گئی۔ فریقین نے نوجوانوں، مہارتوں اور ڈیجیٹل معیشت پر مشترکہ فوکس رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ بنگلہ دیش پاکستان نالج کاریڈور شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے تعلیم، تحقیق اور جامعات کے درمیان روابط بڑھانے ، سارک کو فعال بنانے اور جیو اکنامکس کو فروغ دینے پر زور دیا۔ جنوبی ایشیا میں تجارت اور رابطہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں خیرسگالی کو عملی نتائج میں بدلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کرکے کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت،عوامی روابط اور براہ راست پروازیں بڑھانے پر زور دیا گیا۔ احسن اقبال نے بنگلادیش کے طلبا کیلئے علامہ اقبال اسکالر شپس پروگرام سے آگاہ کیا اور کہا طلبا کا پہلا گروپ پاکستان کی جامعات میں داخلہ لے بھی چکا ہے، چیف ایگزیکٹو بنگلا دیش محمد یونس نے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کو خوش آئند قرار دیا ۔ احسن اقبال بنگلادیش کے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ڈھاکا میں موجود ہیں۔





















