قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز پاک بھارت میچ میں پاکستان کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سینیئر کھلاڑیوں کو آرام اور نوجوانوں کو موقع دینے کا مطالبہ کر دیا۔
سماء کی ٹرانسمیشن "زور کا جوڑ" میں شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے فیصلے کا اختیار ہو تو بابراعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کو باہر بٹھا دوں اور نئے لڑکوں کو موقع دوں۔ برسوں سے انہی سینیئرز کو دیکھ رہے ہیں، لیکن اہم مواقع پر توقعات پوری نہیں ہوتیں، اس لیے جونیئر کھلاڑیوں کو اعتماد اور مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست پر شاہد آفریدی نے سلمان آغا کی کپتانی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سلمان آغا نےکپتانی اچھی نہیں کی، پرفارم نہیں کر رہے، سلمان آغا نے ٹرمپ کارڈ عثمان طارق کو بھی چھپائے رکھا۔ اکیڈمیوں میں لوگوں کی نوکری ہے مگر کام نہیں ہورہا، جوذمہ داری پوری نہ کرےاُس سےامید نہ لگائیں۔





















