بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل سہولیات سے متعلق فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اکتوبر 2025 تک دونوں آنکھوں کی بینائی نارمل تھی، اکتوبر کے بعد بانی کو آنکھوں میں مسلسل دھندلاہٹ کی شکایت ہونے لگی۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے بار بار جیل سپرنٹنڈنٹ کو اطلاع دی، بانی کے مطابق جیل حکام نے شکایات کے ازالے کے لیے کچھ نہیں کیا، بعد میں بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی بینائی اچانک اور مکمل ختم ہوگئی۔ اس کے بعد پمزاسپتال کے ماہرچشم ڈاکٹر عارف کو معائنے کے لیے بلایا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کے مطابق خون کے لوتھڑے کی تشخیص ہوئی جس کی وجہ سے نقصان ہوا، انجیکشن لگنے اور علاج کے باوجود دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد ہے۔
ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی بروقت علاج نہ ملنے پر پریشان نظر آئے، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں میں پانی تھا جسے وہ بار بار صاف کررہے تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ 5ماہ سے وکلا سے بھی ملاقات نہیں ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی نے فرینڈ آف کورٹ سے 3 تحفظات کا اظہار کیا، جس میں صحت، بچوں سے بات اور کتابیں نہ ملنے کا معاملہ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے مطابق انھیں سردیوں میں ایک چھوٹا ہیٹر ملتا ہے، بانی کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں ان کے سیل میں حبس ہوجاتا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مچھر اور کیڑے مکوڑے آنے کی بھی شکایت کی، بانی پی ٹی آئی نے گرمیوں میں ٹھیک سے سو نہ پانے کا بھی شکوہ کیا، بانی پی ٹی آئی نے بہنوں اور رشتہ داروں سے ملاقات نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
عمران خان کے مطابق انھیں گرمیوں میں ریفریجریٹر کی سہولت بھی میسر نہیں، گرمیوں میں ملنا والا کول باکس مؤثر نہیں ہوتا، بانی پی ٹی آئی کے بقول انھیں گرمیوں میں 2، 3 بار فوڈ پوائزننگ ہوئی
رپورٹ میں سفارش
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف سے معائنے کا مطالبہ کیا، بانی کا طبی معائنہ کسی ماہر ڈاکٹر سے بھی کرایا جاسکتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں ہے، فعال ٹی وی نہ ہونے کے باعث کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو کتابوں کی فراہمی سے کوئی سیکیورٹی خدشہ پیدا نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے مطابق انھیں وکلاء سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، وکلاء سے ملاقاتوں کے بغیر بانی کا شفاف ٹرائل کا بنیادی حق متاثر ہورہا ہے، عدالت بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات کے معاملے میں مداخلت کرے۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ کےساتھ بلاتعطل ملاقاتیں کرائی جائیں، سیل سے مچھروں اور حشرات کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی ضرورت فراہم کی جائے۔






















