بجلی ٹیرف اور فکسڈ چارجز میں ردوبدل سے متعلق حکومتی درخواست پر نیپرا میں سماعت مکمل ہوگئی۔ اعدادوشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ اس درخواست پر نیپرا کے فیصلے کے بعد انڈسٹری کا ٹیرف 4 روپے 4 پیسے کم ہوگا ۔ پہلی بار بلنگ سائیکل میں صنعتوں پر عائد 101 ارب روپے کی کراس سبسڈی صفر ہو جائے گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ جس کا جو بوجھ ہے اسی پر ڈالنے کا فیصلہ کیا جائے۔
حکام کے مطابق فکسڈ چارجز کو 7 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کیا گیا ہے ۔ ملک میں انڈسٹری کا پہیہ چلانے کیلئے ٹیرف میں کمی ناگزیر ہے ۔ اس وقت خطے میں پاکستان کا انڈسٹری کا ٹیرف سب سے زیادہ ہے۔
ٹیرف ری اسٹرکچرنگ کے بعد انڈسٹری کا ریٹ ساڑھے 11 سینٹ تک آئے گا، 3 سالہ پیکج سے فائدہ اٹھایا تو یہ ساڑھے 10 سینٹ تک آجائے گا۔





















