پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی کا عمل پورا ہو چکا ہے اور اس کے نئے مالکان نے ٹیم کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو پی ایس ایل کی فرنچائز کی نیلامی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی تھی جہاں ولی ٹیکنالوجیز نے ملتان سلطانز کو دو ارب 45 کروڑ روپے میں خرید لیا۔
ٹیم خریدنے میں کامیابی کے بعد ٹیم کے نئے مالک اور ولی ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو احسن طاہر کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹیم کا نام بدل کر راولپنڈی رکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پنڈی کی گلیوں میں ہی پلے بڑھے ہیں اور ہم وہیں واپس جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم کا نیا نام "پنڈی بوائز" رکھنے کا امکان ہے، ملتان سلطانز کے نئے مالکان کی جانب سے ٹیم کا نام "پنڈی بوائز" رکھنے پر راولپنڈی کے شہری خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔





















