نواز شریف کی نیب ریفرنسز میں اپیلوں پر سماعت کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی، عدالت نے کیس کی روزانہ سماعت کے حوالے سے نواز شریف کی درخواست پر فریقین سے دلائل طلب کر رکھے ہیں۔
نواز شریف کی نیب العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ کرے گا۔
گزشتہ سماعت میں قائد مسلم لیگ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ ہماری استدعا ہے اپیلوں پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایون فیلڈ کیس کی پہلے اپیلوں کا فیصلہ کرنے والا بینچ کوئی اور تھا، ان کو نئے سرے سے سننا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا 2 رکنی بینچ کی تشکیل کا ایک مقصد ہوتا ہے۔
بعدازاں عدالت نے ان ریمارکس کے ساتھ سماعت پیر 27 نومبر تک ملتوی کردی تھی کہ اگر ضرورت پیش آئی تو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گے۔