حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز کے نظام میں ردوبدل کا فیصلہ کر لیا۔
پاور ڈویژن نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز سے متعلق درخواست پر 10 فروری کو سماعت کرے گا،درخواست میں ماہانہ 301 سے 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔ یہ فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین پر لگانے کی تجویز دی گئی۔
درخواست کےمطابق ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔





















