سیکیورٹی فورسز بلوچستان بھر میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 روزسے جاری آپریشنز میں197 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 22 بہادرجوانوں بشمول آرمی، ایف سی اور پولیس نے جام شہادت نوش کیا۔
یاد رہے کہ دہشت گردوں نے 3 روز پہلے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، گوادر اور پسنی میں حملے کئے تھے۔ جن میں خواتین ، بچوں اور مزدوروں سمیت متعدد شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کو نشان عبرت بنانے کی مہم تیز تر کردی ہے۔
سیکیورٹی فورسز بشمول انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس نے بلوچستان بھر میں مختلف جگہوں پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور دہشتگرد نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔




















