پاکستان تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر تشویش کا اظہار جبکہ 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا۔
مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، سیکیورٹی اور صوبائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اعلامیے میں بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، جبکہ شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی گئی۔اعلامیے میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالج تک رسائی، ملاقاتوں کی بحالی اور رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاق سے مطالبہ کیا گیا کہ این ایف سی سمیت خیبرپختونخوا کی واجب الادا رقوم فوری ادا کی جائیں اور آئینی ذمہ داریوں کے تحت مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ اعلامیے میں ضم قبائلی اضلاع کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، خیبر جرگہ کے فیصلوں کی مکمل تائید کی گئی اور پائیدار امن و عوامی مسائل کے حل پر زور دیا گیا۔پی ٹی آئی نے آٹھ فروری کو ہڑتال مؤثر بنانے کیلئے اسٹریٹ موومنٹ تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے دکانیں بند اور پہیہ جام احتجاج کی اپیل کی۔





















