سینیٹ اور قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے کل کے اجلاسوں کا ایجنڈا جاری کردیا۔
سینیٹ کا اجلاس کل شام 4 بجے ہوگا، کئی اہم بلز پیش کیے جائیں گے۔ تئیس نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ ایجنڈے کے مطابق سینیٹ اجلاس میں وفاقی ملازمین بینیولنٹ فنڈ اورگروپ انشورنس ترمیمی بل ، فوجداری قوانین ترمیمی بل ، انسدادِ انسانی اسمگلنگ ترمیمی بل اور انسدادِ الیکٹرانک جرائم ترمیمی بل پیش ہوں گے۔
پاکستان پینل کوڈترمیمی بل ، فیملی کورٹس ترمیمی بل اور اسلام آبادمیں بچوں کیخلاف جسمانی سزاکی ممانعت کا ترمیمی بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ قومی اسمبلی سے منظور شدہ تین بل بھی سینیٹ میں منظوری کیلئےپیش کئےجائیں گے ۔ زکوٰۃ وعشر ترمیمی بل ، الیکشنز ترمیمی بل اور البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد بل شامل ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام پانچ بجے ہوگا۔ 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ۔ اجلاس میں قانون سازی سمیت اہم قومی اور عوامی نوعیت کے معاملات زیر بحث آئیں گے۔
ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں افغانستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر بھی ایوان کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ سنٹرز آف ایکسیلینس ایکٹ 1974 ترمیمی بل اور اسلام آباد سینئر سٹیزنز ایکٹ میں ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش ہوگی۔
پیمراترمیمی بل دوہزار پچیس ، اے پی پی کارپوریشن ترمیمی بل اور نیوزپیپرز ایمپلائز کنڈیشنز آف سروس ترمیمی بل ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر مزید بحث ہوگی ۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ، جو قومی اسمبلی کے اجلاس سے ایک گھنٹہ قبل شام چار بجے ہوگا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے چوبیسویں سیشن کے ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔




















