سپریم کورٹ آف پاکستان میں قائم پبلک فسیلیٹیشن سینٹر عوام کو بروقت اور مؤثر عدالتی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ گزشتہ ماہ 6721 افراد نے سنٹر سے رجوع کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق پبلک فسیلیٹیشن سنٹر کے ذریعے تمام بنیادی عدالتی خدمات ایک ہی جگہ دستیاب ہیں۔ جنوری میں پبلک فسیلی ٹیشن سنٹر سے 6721 افراد نے رجوع کیا۔ اسی عرصے کے دوران سپریم کورٹ میں ایک ہزار 267 نئے مقدمات دائر کیے گئے، جن میں 317 سول متفرق درخواستیں شامل ہیں۔
جلد سماعت کے لیے 195 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 125 مقدمات مقرر کر دیئے گئے۔ مصدقہ نقول کے حصول کے لیے ایک ہزار 415 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے ایک ہزار 311 نقول جاری کر دی گئیں۔ پبلک فسیلی ٹیشن سنٹر اس وقت 30 سے زائد عدالتی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس کے وژن کے تحت انصاف کو عوام کے قریب لایا جا رہا ہے ۔ انصاف صرف فیصلوں تک محدود نہیں بلکہ سہولت کی فراہمی بھی انصاف کا اہم حصہ ہے۔





















