غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی کو محفوظ اور برقرار رکھیں۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آٹھوں ممالک کے وزرائے خارجہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے۔ اسرائیلی اقدامات خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لیے وابستگی ضروری ہے۔
مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ تمام فریقین اس نازک مرحلے میں اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر نبھائیں۔ ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے جو موجودہ عمل کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔ دیرپا امن فلسطینی عوام کے حق خودارادیت ، ریاستی حیثیت ،اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہونا چاہئے۔






















