وزارت داخلہ کی منظوری سے نیشنل فرانزک ایجنسی نے فرانزک خدمات کی فیسیں مقرر کر دیں۔ مختلف ڈیجیٹل اور فرانزک کیسز پر نئی فیسوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اب ہر فرانزک کیس پر نوعیت کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔لاک یا ان لاک اینڈرائیڈ اور آئی فون سے ڈیٹا حاصل کرنے کی فیس 2500 روپے فی کیس مقرر کی گئی ہے۔
خراب موبائل فون سے ڈیٹا نکالنے کی فیس بھی 25 روپے طے کی گئی ہے۔اسمارٹ واچ ڈیٹا اور کلاسک موبائل فون ڈیٹا حاصل کرنے کی فیس دوہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ سم کارڈ ڈیٹا حاصل کرنے کی فیس ایک ہزار روپے فی کیس ہوگی۔
ویڈیو، آڈیو اور تصویر کے فرانزک تجزیے کی فیس دوہزار روپے فی کیس مقرر کی گئی ہے۔ہارڈ ڈسک یا میموری ڈیوائس سے ڈیٹا نکالنے کی فیس تین ہزار روپے جبکہ ریڈ سسٹم سے ڈیٹا حاصل کرنے کی فیس پانچ ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
خراب ہارڈ ڈسک یا میموری سے ڈیٹا نکالنے کی فیس بھی تین ہزار روپے ہوگی۔فرانزک تجزیہ اور مکمل رپورٹ کی فیس دس ہزار روپے جبکہ عدالت میں ماہر کی پیشی کی فیس بھی دس ہزار روپے فی کیس مقرر کی گئی ہے۔
نیشنل فرانزک ایجنسی کے مطابق فیسوں کا اطلاق تمام اداروں اور مقدمات پر ہوگا اور تمام اداروں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔





















