حکومت نے پاکستان کو 2047 تک 3 ٹریلین ڈالرکی معیشت بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے،اس حوالے سے حکومت اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کاکہنا تھاکہ اگر پاکستان کو آئی ایم ایف کے پروگراموں سے نجات حاصل کرنی ہے تو برآمدات میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے،’’اُڑان پاکستان‘‘ ملکی ترقی کا ایک جامع روڈ میپ ہے، جس کا مقصد پائیدار معاشی استحکام حاصل کرنا ہے۔
احسن اقبال نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ ملک میں استحکام کے لیے اپنی آواز بلند کرے اور کہا کہ سیاسی لانگ مارچ بہت ہو چکے، اب وقت آ گیا ہے کہ اقتصادی لانگ مارچ کیا جائے،پاکستان کے مستقبل کا دار و مدار مضبوط معیشت اور کاروباری استحکام پر ہے۔"
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کا مقصد حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔





















