لاہور میں بسنت کے دوران مفت ٹرانسپورٹ کا منصوبہ فائنل، شہریوں کو میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کی سہولت میسر ہوگی۔
لاہور میں بسنت کے دوران شہریوں کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کا منصوبہ حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیاں شہر بھر میں شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔
شہر کے 24 روٹس پرمفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی،فیڈر روٹس سے 228 بسیں، میٹروبس سروس کی 64 بسیں،مختلف سرکاری کالجز سے 54 بسیں اوریونیورسٹیز سے 73 بسیں شہریوں کو مفت سفر فراہم کریں گی۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے یومیہ تقریباً ڈھائی لاکھ افراد سفر کر سکیں گے،جبکہ میٹروبس سروس سےگجومتہ تا شاہدرہ روزانہ 87 ہزار افراد مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل کریں گے،رانا ٹاؤن ٹریل وے اسٹیشن سے بھی 13 بسیں چلائی جائیں گی۔
مجموعی طور پر بسنت کے دنوں میں یومیہ تقریباً 5 لاکھ 16 ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی، تاکہ شہری آسانی سے تفریح اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں






















