پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا ہدف 2026 آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے، جو 12 جون سے انگلینڈ اور ویلز میں شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈکاسٹ کے 69ویں ایپی سوڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے ویمنز ٹیم میں موجود کمزوریوں کا اعتراف کیا، تاہم مستقبل کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔
سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر نے کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقدہ حالیہ اسکلز اور فٹنس کیمپ کی تفصیلات بھی بتائیں، جس میں 35 خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وہ ویمنز کرکٹرز کے ساتھ ایک ماہ طویل کیمپ میں کام کرنے کا موقع دینے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوچنگ اسٹاف میں عمران فرحت، عبدالرہمان، امید آصف اور عبدالمجید شامل تھے، جو باقاعدگی سے میچز دیکھتے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ ایک مختلف فلسفہ ہے اور اس مقصد کے لیے کیمپ کا انعقاد نہایت ضروری تھا۔ وہاب ریاض نے ٹیم میں اسٹرائیک روٹیشن بہتر بنانے اور پاور ہٹنگ کی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان ویمنز ٹیم کے آئندہ جنوبی افریقہ کے دورے، جو 10 فروری سے شروع ہوگا، ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کی شمولیت اور کوچنگ اسٹاف کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمنز کرکٹ میں ٹیلنٹ اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف درست سمت اور تسلسل کے ساتھ کام کرنے کی ہے۔





















