پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر محسن گیلانی نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی قائم مقام ناظم الامور نٹالی بیکر سے اہم اور مفید ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ایف ایف کے ایڈوائزر ایاب احمد اور ڈائریکٹر لیگل علی اکرم بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خواتین فٹبال کے فروغ، نوجوانوں کی شمولیت سے متعلق اقدامات اور فیفا ورلڈ کپ 2026 (امریکا) کے فروغ کے لیے پاکستان میں باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے فٹبال ڈپلومیسی کو مضبوط بنانے اور ملک بھر میں فٹبال کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور عالمی سطح پر کھیل کے روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔





















