الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر فوجی جوانوں کی تعیناتی کے حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ الیکشن کے موقع پر سیکیورٹی سے متعلق وزارت داخلہ سے جامع رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی نفری کی قلت کے باعث انتخابات میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چاروں صوبوں، چیف کمشنر اسلام آباد سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ دیں۔
خط میں صوبوں میں نفری کی قلت سے متعلق بھی الیکشن کمیشن کو تحریری آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خط کے مطابق وفاق اور چاروں صوبے آئین کے تحت الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔
ای سی پی حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے لیے تمام آئینی اور قانونی اقدامات کر رہا ہے، تمام حلقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، پولنگ کے دن کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنےکیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ضروری ہیں۔