معروف لگژری واچ برانڈ جیکب اینڈ کمپنی نے بھارتی صنعتکار اننت امبانی کے لیے ایک منفرد اور خصوصی کسٹم گھڑی ’ونتارا‘ تیار کی ہے، جو اننت امبانی کے جنگلی حیات کے تحفظ کے منصوبے ونتارا کی یادگار کے طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 15 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی اس گھڑی میں مجموعی طور پر 397 قیمتی جواہرات جڑے ہیں جن کا مجموعی وزن 21.98 قیراط ہے۔ گھڑی کے ڈیزائن میں ڈیمنٹوئڈ گارنیٹ، ٹسواریٹس، سبز نیلم اور سفید ہیرے شامل ہیں، جبکہ اسے سبز کیموفلاج تھیم کے جواہرات سے مزین کیا گیا ہے۔
گھڑی کے ڈائل پر شیر، بنگال ٹائیگر، ہاتھی اور ونتارا کا سنہری کندہ نقش نمایاں ہے، جبکہ اس میں اننت امبانی کا مجسمہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں وہ نیلے پھولدار شرٹ میں دکھائی دیتے ہیں۔
ونتارا، جس کا مطلب ’’جنگل کا ستارہ‘‘ ہے، ریلیانس انڈسٹریز اور اننت امبانی کا ایک بڑا جنگلی حیات کے تحفظ اور بحالی کا منصوبہ ہے، جو بھارتی شہر جمنگر میں قائم ہے۔





















