ملائیشیا کے ایک شخص کے منہ میں عام انسانوں سے کہیں زیادہ دانت نکل آئے جس پر انہیں عالمی ریکارڈ بھی مل گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ملائیشیا کے رہائشی پرتھاب منیاندی کے منہ میں 42 دانت ہیں، جو ایک عام انسان کے اوسط 32 دانتوں کے مقابلے میں 10 زیادہ ہیں۔
33 سالہ پرتھاب منیاندی نے بتایا کہ 2021 میں ایک تقریب کے دوران انہیں محسوس ہوا کہ ان کے دانت معمول سے زیادہ ہیں۔ جب انہوں نے گنتی کی تو 38 دانت نکلے، جس کے بعد ایکسرے کروانے پر معلوم ہوا کہ مزید چار دانت بھی نکلنے والے ہیں۔
ان کے مطابق 2023 تک ان کے منہ میں دانتوں کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی۔ خوش قسمتی سے زیادہ تر دانت سیدھے نکلے اور انہیں کسی بڑی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
Guinness World Records نے انہیں باضابطہ طور پر ’’کسی مرد کے منہ میں سب سے زیادہ دانت‘‘ رکھنے کا عالمی ریکارڈ دیا ہے۔ جبکہ خواتین میں یہ ریکارڈ بھارت کی کلپنا کے پاس ہے جن کے منہ میں 38 دانت ہیں۔
پرتھاب منیاندی کا کہنا ہے کہ یہ جان کر انہیں بے حد خوشی اور حیرت محسوس ہوتی ہے کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ دانت رکھنے کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔




















