لاہور کے علاقے ڈیفنس میں چوری کی ایک انوکھی واردات سامنے آ گئی ہے، جہاں نامعلوم چور ایک گھر سے ایک لاکھ 63 ہزار روپے مالیت کے جوتے چوری کرکے فرار ہو گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق چور نے 68 ہزار روپے مالیت کے مردانہ جوتوں کے دو جوڑے چرائے۔ اس کے علاوہ 50 ہزار روپے مالیت کا ایک لیڈیز جوتا بھی چوری کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم بچوں کے 20 ہزار روپے مالیت کے جوتے اور ملازمین کے 5 ہزار روپے مالیت کے سلیپر بھی ساتھ لے گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
واقعے نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔





















