وزارتِ سمندر پار پاکستانیز کے اقدامات سے بیرونِ ملک روزگار کے حصول، ترسیلاتِ زر اور قانونی تحفظ میں نمایاں بہتری آنے لگی، گزشتہ سال 7لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بیرونِ ملک روزگار کے لیے بھجوایا گیا، جبکہ ترسیلاتِ زر میں نو فیصد اضافہ ہوا۔ وزارت ، دوسرا اوورسیز کنونشن اپریل دوہزار چھبیس میں کروانے کے لئے پرامید ہے۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق سال 2025 میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کے حصول کیلئے بیرون ملک گئے، ترسیلاتِ زر نو فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 40 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وزارت نے اٹلی، بیلاروس اور عراق کے ساتھ افرادی قوت کے حوالے سے معاہدوں پر بھی دستخط کیے ہیں۔ قطر میں 19 سال بعد پاکستانی ہنرمندوں کے لیے ورک ویزوں کے اجرا کا دوبارہ اجرا شروع ہوا۔ فلاحی اقدامات کے تحت وزارت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے شادی گرانٹ 4 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کر دی، جبکہ وفات گرانٹ 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ حادثاتی موت کی صورت میں 20 لاکھ روپے کی انشورنس ، 50 ہزار روپے جنازہ گرانٹ اور میت کی وطن واپسی کے اقدامات شامل ہیں۔



















