جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کے اعزاز میں الوداعی ڈنر دینے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تقریب کا اہتمام کرنے والے رکن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
شوکاز نوٹس سپریم کورٹ بار کے نائب صدر سندھ ملک خوشحال اعوان کو جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں ملک خوشحال اعوان کو کہا گیا ہے کہ آپ نے جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کیلئے 13 جنوری کو ریفرنس کا انعقاد کیا، آپ نے دعوتی کارڈز پر سپریم کورٹ بارکا نشان اور نام درج تھا۔
مذکورہ ریفرنس پر صدر یا سیکرٹری سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ شوکاز نوٹس کے مطابق ملک خوشحال اعوان کے اقدامات بار اور ایگزیکٹو کمیٹی کی بدنامی کا باعث بنے۔ ملک خوشحال اعوان کو کہا گیا ہے کہ سات یوم کے اندر اپنی پوزیشن واضح کریں، تسلی بخش جواب نہ دینے پر بار رکنیت بھی معطل ہوسکتی ہے۔






















