امریکی ریاست لاس اینجلس میں ایک شخص کے گھر کے تہہ خانے میں 37 دن تک رہنے والے 550 پاؤنڈ وزنی سیاہ ریچھ کو بالآخر نکال لیا گیا۔ ریچھ کو نکالنے کے لیے پینٹ بالز کا استعمال کیا گیا، جس کے بعد وہ تہہ خانے سے باہر نکل آیا۔
گھر کے مالک کین جانسن کے مطابق ریچھ 30 نومبر کو ان کے گھر کے نیچے آ کر بس گیا تھا، جس کے باعث وہ کئی ہفتوں تک شدید ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی کا شکار رہے۔ جانسن کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں اس وقت شک ہوا جب انہوں نے گھر کے اردگرد اشیاء الٹی پڑی اور ٹوٹی ہوئی دیکھیں، بعد ازاں معلوم ہوا کہ ایک دیوہیکل ریچھ ان کے گھر کے تہہ خانے میں رہ رہا ہے۔
کین جانسن کے مطابق ریچھوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے کارروائی کرتے ہوئے محض 20 منٹ میں ریچھ کو گھر سے باہر نکال لیا۔ ریچھ کے نکلنے کے فوری بعد گھر کے مالک نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تہہ خانے کے داخلی راستے کو لکڑیوں سے بند کر دیا، جبکہ ایک الیکٹرک میٹ بھی بچھائی گئی جو قدم پڑنے پر ہلکا سا جھٹکا دیتی ہے۔




















