وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد مری ایکسپریس وے کا دورہ کیا،تزئین و آرائش، توسیع اور مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر مواصلات کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبہ افتتاح کیلئے تیار ہے۔عبدالعلیم خان نے مری ایکسپریس وے کے ریسٹ ایریاز میں مسجد کی تعمیر کی ہدایت دی۔ کہا ریسٹ ایریاز میں خواتین کیلئے علیحدہ نماز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ایکسپریس وے پر باقی ماندہ کاموں کی تکمیل کیلئے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کی حتمی مہلت دی۔
عبدالعلیم خان نےکہاکہ این ایچ اے نےمعیاری اور دیرپا تعمیراتی کام یقینی بنایا ہے،بہترین لائٹنگ، گرین ایریاز،سروس روڈز اور جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں،انہوں نےبتایا کہ ایم ٹیگ کے ساتھ نیا ٹول پلازہ بھی فنکشنل ہوچکا ہے،تجاوزات اور روڈ کٹس کا خاتمہ کر کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا گیا ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات نےکہا کہ اس منصوبےسےملک بھر سےمری آنے والےسیاحوں کو ایک نیا،خوبصورت اور آرام دہ سفری ماحول میسر آئےگا،سیاحوں نےمری ایکسپریس وےکو جدید اورخوبصورت بنانے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر بھی کیا۔






















