وفاقی وزیر داخلہ کی دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں ہوئیں، محسن نقوی نےکہا کہ چینی شہریوں اورمشترکہ منصوبوں کا تحفظ پاکستان کی اوٌلین ترجیح ہے، اس مقصد کیلئے خصوصی پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ چینی وزیر داخلہ سے ملاقات میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ اور فوری ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے بیچنگ میں چینی وزارتِ پبلک سیکیورٹی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔چینی ہم منصب وانگ ژاو ہونگ سےساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسدادِ دہشت گردی، داخلی سیکیورٹی اور پولیس تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں اور مشترکہ منصوبوں کا تحفظ پاکستان کی اوٌلین ترجیح ہے، ہر سطح پر مضبوط سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں اور اسلام آباد میں خصوصی پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے میں چینی اداروں سے معاونت کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔فریقین نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس ہر تین ماہ بعد کرنے جبکہ وزرائے داخلہ کی سطح پر سالانہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
چینی وزیر داخلہ نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔






















