ملتان ایئرپورٹ پر غیر ملکی خاتون کا قیمتی سامان گم ہونے کا واقعہ پیش آیا، جس میں پاسپورٹ، گرین کارڈ اور ملکی و غیر ملکی کرنسی شامل تھی۔ غیر ملکی خاتون قطر ایئرلائن کے ذریعے ملتان ایئرپورٹ پہنچی تھیں اور ایئرپورٹ پر قیمتی سامان سے بھرا ہینڈ بیگ بھول گئیں۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاتون مسافر کی شناخت کی اور ان سے رابطہ قائم کیا۔ بعد ازاں گمشدہ سامان بحفاظت غیر ملکی خاتون کے حوالے کر دیا گیا۔
سامان ملنے پر غیر ملکی خاتون بے حد خوش دکھائی دیں اور انہوں نے چیف سیکیورٹی آفیسر لیفٹیننٹ کرنل رضوان افسر اور اے ایس ایف کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔ واقعے نے اے ایس ایف کی پیشہ ورانہ مہارت اور ایمانداری کی ایک اور مثال قائم کر دی۔






















