ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل روکنے کے دوران شہری کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر نے متعلقہ ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا ہے اور اس کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ واقعہ سول لائن سیکٹر میں پیش آیا، جہاں ٹریفک وارڈن نے موٹرسائیکل سوار شہری کو خلاف ورزی پر رکنے کا اشارہ کیا تھا۔ موٹرسائیکل روکتے ہوئے وارڈن کا وائرلیس شہری کو لگ گیا، جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ شہری کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے واضح کیا ہے کہ شہری کو زخمی کرنے والے وارڈن کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت یا بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی۔



















